آرمی چیف کی کوششیں رنگ لے آئیں، سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ 

20

 

ریاض : آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں مملکت کی سرمایہ کاری کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

 

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کو پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی ڈپازٹ کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان اس سے قبل اگست میں کیا گیا تھا۔ پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی ڈپازٹ میں دسمبر کو توسیع کی گئی تھی۔

 

ایس پی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد کی ہدایات پاکستان کی معیشت اور اس کےعوام کی سپورٹ میں مملکت کے موقف کی توثیق کرتی ہیں۔

 

یاد رہے 25 اگست 2022 کوسعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔یہ حکم مملکت کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور اس کے لوگوں کی مدد کا اعادہ تھا۔

 

2 دسمبر 2022 کو سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع تین ارب کے ڈپازٹ میں توسیع کی تھی تاکہ پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

تبصرے بند ہیں.