لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان فیصلے کرتے وقت ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی اور وکیل فیصل چوہدری نے ملاقات کی جس میں جہلم اور فیصل آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) والوں کی نیت میں بھی کھوٹ ہے اور سیاست میں بھی، پی ڈی ایم حکومت نے چند ماہ میں معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنی کھوٹی سیاست کی خاطر ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، یہ اپنی نام نہاد سیاست بچانے کیلئے ملک سے کھلواڑ کر رہے ہیں، عوام پی ڈی ایم کی حکومت کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، عمران خان نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھ کر فیصلے کئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.