عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہو گا: مجلس وحدت مسلمین

5

لاہور: مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے اعلان کیا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے لاہور زمان پارک میں سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس دوران ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے عمران خان کو پنجاب حکومت کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے تمام تحفظات عمران خان کو بیان کئے ہیں اور انہوں نے ان تحفظات کو حل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جہاں کہیں گے وہیں ہمارا ووٹ ہوگا، ان کا جو بیانیہ ہے وہ ہمارا بیانیہ ہے، کسی کی غلامی منظور نہیں، دین اور دستور یہی کہتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایم ڈبلیو ایم نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا، ایم ڈبلیو ایم کی سیدہ زہرہ نقوی پی ٹی آئی کی مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.