نسیم شاہ نے عمدہ بیٹنگ کر کے ہمیں کامیابی سے دور کر دیا: ٹم ساؤتھی

21

کراچی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز بہت دلچسپ رہی اور بہت مزہ آیا، دوسرے ٹیسٹ میچ میں کوئی بھی ٹیم فاتح ہو سکتی تھی تاہم آخر میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے وکٹ پر رک کر ہمیں کامیابی سے دور کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ بغیر نتیجہ ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹم ساؤتھی کا کہنا تھا کہ نئی بال لینے میں تاخیر اس لئے کی کہ رنز تیزی سے بننے کا خدشہ تھا جبکہ آخری وقت میں نسیم شاہ نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔ 
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد نے بہت شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا،اگر ہم جیت جاتے تو بہت خوشی ہوتی لیکن اب تمام تر توجہ ون ڈے سیریز پر مرکوز ہے۔ 
ٹم ساؤتھی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے پوری سیریز میں ہمارے لئے مشکل پیدا کی، بر صغیر میں کھیلنا کسی چیلنج سے کم نہیں اور بحیثیت کپتان میں نے دورہ پاکستان میں بہت کچھ سیکھا ہے۔ 
کیوی کپتان نے مزید کہا کہ دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کا ہمیں جتنا افسوس ہے، اتنا ہی پاکستان کو بھی نہ جیتنے کا ہو گا، اب تک پاکستان کی میزبانی سے بہت خوش اور مطمئن ہیں جبکہ بھرپور سیکورٹی انتظامات بھی قابل تحسین ہیں۔

تبصرے بند ہیں.