اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر کسی صورت عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور وطن عزیز کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اداروں کے مابین تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سکیورٹی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور سیکرٹری داخلہ نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ چاروں صوبوں کے آئی جیزاورچیف سیکرٹریز نے بھی وزیراعظم کو حالیہ دہشت گردی کے واقعات پرتفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے سی ٹی ڈیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ روابط مزید فعال بنائیں، دہشت گرد اور شرپسند عناصر کسی صورت عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے جبکہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ دہشت گردی کی لہرکے تدارک کیلئے وفاقی و صوبائی ادارے آپس میں تعاون بڑھائیں، وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور نیشنل کو آرڈی نیٹرنیکٹا صوبوں سے اس حوالے سے تفصیلی مشاورت کریں جبکہ وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور نیشنل کوآرڈی نیٹر جامع لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کریں۔
انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی ایپکس کمیٹیاں اپنے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں اور اداروں کے مابین تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔
تبصرے بند ہیں.