عمران خان سچا اور کھرا آدمی ہے، اس کے ساتھ کھڑے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

8

گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان ایک سچا اور کھرا آدمی ہے،اس کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کو کچھ نا تجربہ لوگ شروع میں ملے تھے، انہیں پہلی بار حکومت ملی تھی، عمران خان ایک سچا آدمی ہے،عوام اس کے ساتھ ہیں جبکہ شہبازشریف کا نام پہلے سے ہی جھوٹوں کی گنیز بک میں درج ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گجرات میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، نہ قوم بن سکتی ہے، اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کیلئے دوبارہ موقع دیا ہے، مجھے علم نہیں تھا اتنے مشکل حالت میں دوبارہ آؤں گا، گجرات اب ضلع نہیں بلکہ ڈویژن بن چکا ہے اور اور یہاں کے بچے اور بچیوں نے ماحول تبدیل کر دیا ہے، یہاں کے عوام کیلئے مزید کام کرنے جارہے ہیں۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں،ایسے ہی میں بھی کہتا ہوں گھبرانا نہیں، شہبازشریف نے زندگی میں جتنے جھوٹ بولے ہیں ،وہ عوام کو معلوم نہیں، شریفوں کے جھوٹ بولنے کا ریکارڈ گنیز بک میں موجود ہے انہوں نے چھپا رکھا ہے جبکہ عمران خان ایک سچا اور کھرا آدمی ہے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان اگر غلط بات کرتے ہیں تو ان کے سامنے کہہ دیتا ہوں،وہ مائنڈ نہیں کرتے۔ 
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میرے خلاف پروپیگنڈاشروع کیا کہ میرے پاس پیسے کہاں سے آئے، مسلم لیگ (ن) والے یہاں سے باہر لے جاتے ہیں اور باہر سے اسحاق ڈار لے آتے ہیں، عمران خان کو کچھ ناتجربہ لوگ شروع میں ملے تھے، انہیں پہلی بار حکومت ملی تھی، عمران خان نے جو فیصلے کئے تھے ان میں کوئی کمی نہیں، انہوں نے صحت انصاف کارڈ کا منصوبہ شروع کرکے ایک بہترین کام کیا اور اب پنجاب میں عوام کو تعلیم اور علاج کے حوالے سے کوئی مشکلات نہیں ہوں گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ وزیر آباد کارڈیالوجی کو 200 بیڈ کا کیا تھا مگر شہباز شریف نے اسے بند کرا دیا لیکن اب اسے 400 پر لے کر جارہے ہیں اور اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین میں 9 ارب کے منصوبے چل رہے ہیں، گجرات اب ضلع نہیں بلکہ ڈویژن بن چکا ہے اور یہاں کے بچے اور بچیوں نے ماحول تبدیل کر دیا ہے، اب یہاں مزید ترقیاتی کام کرنے اور گجرات کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے جا رہے ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف کا نام پہلے سے ہی جھوٹوں کی گنیز بک میں درج ہے مگر انہوں نے چھپا رکھا ہے، یہ لوگ مہنگائی کا جو طوفان ساتھ لائے ہیں وہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، عمران خان ایک سچا آدمی ہے اور ہمارے علاوہ عوام بھی اس کے ساتھ ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.