"بم طوفان” سے نظام زندگی منجمد ، 25 کروڑ سے زائد افراد متاثر 

20

 

واشنگٹن ، ٹورنٹو : امریکا اور کینیڈا میں بم سائیکون نامی برفانی طوفان سے نظام زندگی منجمد ہو کر رہ گیا ۔ 25 کروڑ افراد متاثر، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک کے علاقے بفالو میں 7 افراد موت کا شکار ہوئے جہاں 6 فٹ تک برفباری کا امکان ہے ۔ کئی ریاستوں میں پاور پلانٹس بند ہوگئے۔ 10 لاکھ سے زیادہ افراد کو کرسمس کا دن بجلی کے بغیر گزارنا پڑا ۔ کئی ریاستوں میں پارہ منفی 45 تک گرگیا ہے ۔ 70فیصد امریکی شہری اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔

کینیڈا کے مشرقی صوبے کیوبک سے لے کر امریکا کی جنوبی ریاست ٹیکساس تک تقریباً 3200 کلومیٹر کے رقبے میں کم از کم 28 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ براعظم شمالی امریکا میں نظامِ زندگی درہم برہم ہے۔نارتھ کیرولائنا اور دیگر ریاستوں کے کچھ شہروں میں بجلی کی طلب بڑھنے پر بلیک آؤٹ ہو گیا ہے ۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں 2800 پروازیں منسوخ جبکہ6600سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

اٹلانٹا، شکاگو، ڈینور، نیو یارک کے ایئر پورٹس پر مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ برف باری سے امریکی ریاست نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔ شہر بفالو میں 2فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے ۔ صورتِ حال کے پیشِ نظر بفالو کی ایری جھیل کے کنارے واقع کاؤنٹی میں نیشنل گارڈز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

برفانی طوفان کو ’بم سائیکلون‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ فضا کا دباؤ انتہائی کم ہو جانے کی وجہ سے ایسا طوفان بنتا ہے جسے ’بم سائیکلون‘ کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے شمالی امریکا برف، تیز ہواؤں اور جما دینے والے درجہ حرارت کی لپیٹ میں ہے۔

تبصرے بند ہیں.