پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ تک ملتوی، پرویز الٰہی کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کا چانس ختم

46

لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس جمعے تک ملتوی کر دیا ہے اور یوں وزیراعلیٰ کل اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس ملتوی کئے جانے کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادیوں کی حکمت عملی کا بھی سب کو انتظار ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں جلد ہی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ 
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس میں طے ہوا تھا کہ اگر کل اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ سے ہٹا دیا جائے گا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ گورنر پنجاب وزیراعلیٰ ہاؤس کو سیل کر دیں گے 
واضح رہے کہ آج سپیکرسبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر اجلاس 5 منٹ کیلئے ملتوی کیا گیا تاہم بعد ازاں پنجاب اسمبلی کے سپیکر سبطین خان نے ایجنڈے پرموجود تمام کارروائی کو جمعہ 23 دسمبر تک کیلئے موخر کر دیا۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس کے بعد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اسمبلی سے 21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تاہم سپیکر اسمبلی اجلاس بلانے سے انکار کرچکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.