پاکستان کیخلاف ناقابل یقین تاریخی فتح پر بہت خوشی ہے: بین سٹوکس

5

کراچی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح کو ناقابل یقین اور پرمسرت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اس دورے سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ میں فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بین سٹوکس نے کہا کہ میزبان ٹیم کے خلاف سیریز کے تینوں میچز میں کامیابی پر بہت خوشی ہے اور ہم نے دورہ پاکستان سے کافی کچھ سیکھا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مقامی کنڈیشنز میں کھیلنا ایک چیلنج ہوتا ہے لیکن ہم جو بھی تجربے کئے وہ کامیاب ہوئے، کراچی ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے باوجود ٹیم نے مثبت کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہماری ٹیم میں ہر کھلاڑی یہ خواہش رکھتا ہے کہ کامیابی سمیٹیں اور تاریخ رقم کریں۔
بین سٹوکس نے نوجوان سپنر ریحان احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، وہ دباؤ میں کھیلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں اسی طرح کارکردگی دکھاتے ہوئے انگلینڈ کو مزید میچز جتوائیں گے۔ 
ایک سوال کے جواب میں انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ مداح ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے آتے ہیں اور ہمارا کام انہیں لطف اندوز کرنا ہے، ہمارا کھیلنے کا اپنا انداز ہے اور ضروری نہیں کہ دیگر ٹیمیں بھی ہماری طرح کھیلیں، یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ کس انداز میں کرکٹ کھیلتے ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.