پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر پنجاب وزیراعلیٰ ہاؤس کو سیل کر دیں گے: وزیر داخلہ

8

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ گورنر اسمبلی اجلاس بلا سکتا ہے اور اگر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر پنجاب وزیراعلیٰ ہاؤس کو سیل کر دیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے سے متعلق موقف غلط اور آئین کے خلاف ہے کیونکہ گورنر پنجاب کا اسمبلی اجلاس بلانا غیر آئینی نہیں ہے اور گورنر اسمبلی کا اجلاس بلا سکتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس نہ بھی ہو تو وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا اور اگر پنجاب نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر پنجاب وزیراعلیٰ ہاؤس سیل کر دیں گے، پرویز الٰہی دہائی دے رہیں کہ 99 فیصد لوگ یہ چاہتے ہیں اسمبلیاں نہ ٹوٹیں، پرویز الٰہی خود کہتے ہیں اسمبلیاں توڑنے کے حق میں نہیں مگر ایک پاگل آدمی اور احمق انسان پی ٹی آئی اور پنجاب کو حادثے سے دوچار کر رہا ہے۔ 
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس پاگل آدمی کا ادراک کیا جانا چاہئے، قوم اور اداروں میں اتفاق ہے اس پاگل آدمی کو روکا جائے، پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینا چاہئے اور اگر پرویز الٰہی کہتے ہیں اسمبلیاں نہیں ٹوٹنی چاہئیں تو پھر کیوں اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، تمام اتحادی جماعتیں مکمل رابطے میں ہیں اور اگر پرویز الٰہی کل اعتماد کا ووٹ نہیں لیتے تو پھر گورنر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا اعلان کر سکتے ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.