عمران خان نے میانوالی مدر چائلڈ ہسپتال کا افتتاح کر دیا

22

میانوالی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے میانوالی مدر چائلڈ ہسپتال کا افتتاح کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سے ہماری حکومت گئی ہیلتھ کارڈ کی سہولت سے لوگ محروم ہو چکے ہیں، ہیلتھ کارڈ کو آگے بڑھانا ملک کی ضرورت ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق میانوالی مدر چائلڈ ہسپتال کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ڈیلیوری کے دوران خواتین کی اموات سب سے زیادہ ہیں جن پر قابو پانے کیلئے صحت کی بہترین سہولیات مہیا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں پانی کا پراجیکٹ لوگوں کی بنیادی ضرورت ہے اور جہاں جانور اور انسان ایک ہی جگہ پانی پیتے تھے، وہاں اب صاف پانی مل رہا ہے جبکہ صحت کارڈ کے ذریعے کوئی بھی شخص خیبرپختونخوا میں 10 لاکھ تک علاج مفت کراسکتا ہے۔ 
عمران خان نے کہا کہ جب کسی گھر میں بیماری آ جاتی ہے تو وہاں لوگ پیسے نہ ہونے سے علاج کرانے سے محروم ہو جاتے ہیں، جب سے ہماری حکومت گئی ہیلتھ کارڈ کی سہولت سے لوگ محروم ہو چکے اور وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کے معاملے کو چھوڑ دیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ انشورنس پر اب تک 30 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، ہیلتھ کارڈ کا کامیاب ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ ہیلتھ کارڈ کو آگے بڑھانا ملک کی ضرورت ہے، ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے پرائیویٹ سیکٹر ایسے علاقوں میں جارہا ہے جہاں ہسپتال نہیں تھے اور اب تک 29 لاکھ لوگ صحت کارڈ کی سہولت سے فائدہ اٹھاچکے ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.