پی ٹی آئی کے ایم این ایز 22 دسمبر کو سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہو کر استعفے دیں گے

12

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کیلئے 22 دسمبر کو سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے سامنے پیش ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم این ایز 22 دسمبر کو سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہو کر استعفے دیں گے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام ممبران قومی اسمبلی کو اس ضمن میں ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو 21 دسمبر کو اسلام آباد پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے اور انہیں تحریری استعفے ساتھ لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر بروز بدھ پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ 
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے میاں مرغوب، خلیل طاہر سندھو، خواجہ عمران نذیر نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جبکہ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ بھی (ن) لیگ کے ہمراہ تھے۔ 
بعد ازاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت بھی کر دی ہے اور اس مقصد کیلئے ایک مراسلے کے ذریعے بدھ شام 4 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتمادکا ووٹ لینے کا کہاگیا ہے، ہم انتخابات کیلئے بھی تیار ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں اسمبلیاں مدت پوری کریں۔ 

تبصرے بند ہیں.