گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیا

7

لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے ذریعے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں وزیراعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ 
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے بعدگورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتمادکا ووٹ لینے کا بھی کہہ دیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتمادکا ووٹ لینے کا کہاگیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم انتخابات کیلئے بھی تیار ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں اسمبلیاں مدت پوری کریں، آئین میں درج ہے کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہوجائے تو اسمبلی تحلیل نہیں ہو سکتی، وزیراعلیٰ پنجاب کو بدھ شام 4 بجے اعتمادکا ووٹ لینا ہو گا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب، سپیکرپنجاب اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔

تبصرے بند ہیں.