پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش عمران نیازی کے ساتھ قبر میں جائے گی: اسحاق ڈار

58

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کسی صورت ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور یہ خواہش عمران نیازی کے ساتھ قبر میں جائے گی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت جب ختم ہوئی تو مہنگائی 4.5فیصد پر تھی جبکہ سٹاک ایکسچینج ایشیا میں سب سے تیز گروتھ کررہی تھی۔ 
انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں پی ٹی آئی کی حکومت آئی جس نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، عمران نیازی نے اپنے دور میں ریکارڈ قرض لئے، ڈیڑھ سال ان کو یہ فیصلہ کرنے میں لگ گیا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جائیں گے یا نہیں، یہ 25 ہزار ارب کا قرضہ 40 ہزار ارب پر لے آئے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے حکومت لینے کا فیصلہ مشکل تھا مگر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سیاست کو ریاست پر ترجیح دی، عمران نیازی نے پاکستانیوں کو بطور قوم کرپٹ ثابت کرنے کی کوشش کی، کہتے ہیں ہم کرپٹ قوم ہیں اور پھر کہتے تھے سرمایہ کاری کریں۔ 
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے روپے کا بیڑہ غرق کردیا جس سے اس کی قدر آدھی رہ گئی اور اب پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں، پاکستان کسی صورت ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور یہ خواہش عمران نیازی کے ساتھ قبر میں جائے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.