بلوچستان کے 3 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ جاری

7

کوئٹہ: بلوچستان کے 3 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں آج پولنگ ہو رہی ہے جو صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق لسبیلہ، حب اور پشین میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق ضلع پشین کی تحصیل حرمزئی میں سخت سردی کے باعث پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں بیشتر پولنگ سٹیشنز پر سخت سردی کی وجہ سے عملہ پہنچا، نہ ہی ووٹر گھروں سے نکلے جبکہ ضلع لسبیلہ میں میونسپل کارپوریشن اوتھل وارڈ 8 اور 12 ہندو محلے میں پولنگ کے عملے کو ووٹرز کا انتظار ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع حب کے 138 وارڈز میں سے 32 میں امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ 2 وارڈز پر امیدواروں کی وفات کے باعث انتخابات ملتوی ہو گئے ہیں۔ 
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع حب میں ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 620 ہے جہاں 124 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ضلع لسبیلہ کے 146 وارڈز میں سے 27 پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں اور 475 امیدواروں کے درمیان آج مقابلہ ہو رہا ہے۔
ضلع لسبیلہ میں 119 وارڈز پر بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 36 ہزار 703 ہے، جبکہ 130 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ضلع پشین کی تحصیل حرم زئی کی میونسپل کمیٹی کے 12 وارڈز میں 13 پولنگ سٹیشنز قائم ہیں، جہاں ووٹرز کی تعداد 10 ہزار 249 ہے۔

تبصرے بند ہیں.