حکمران اعظم کی فریاد۔۔۔

16

سر ہم نے اتنے دنوں سے آپ سے رابطہ نہیں کیا اْمید ہے آپ ہماری اس”کوتاہی“ کا نوٹس نہیں لیں گے۔۔ سر اصل میں ہم سوچ رہے تھے آپ نے تازہ تازہ چارج سنبھالا ہے آپ تھوڑا ریلیکس ہو جائیں تھوڑے سیدھے پدھرے ہو جائیں تھوڑی میل ملاقاتیں کر لیں تھوڑی مبارکیں وصول کر لیں تھوڑی دعوتیں وغیرہ کھا لیں پھر ہم اجازت لے کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوکر آپ سے دبے دبے الفاظ میں یہ پوچھنے کی جسارت کریں گے کہ سابقہ حاجی صاحب نے آئندہ سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا جو ”بیان“دیا تھا اْس بارے آپ کی پالیسی کیا ہے؟ وہ تو اب چلے گئے، جانے والے کے کسی بیان کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، اصل معاملہ تو آنے والے کا ہوتا ہے۔۔ اصل میں ہم یہ انتہائی مؤدبانہ گزارش لے کر آپ کے پاس آئے ہیں سابقہ حاجی صاحب نے آئندہ سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا جو بیان دیا تھا آپ اْسے واپس لے لیں، کیونکہ اس سے ہمارے لئے بہت مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔۔ جب سے پاکستان بنا ہے آپ لوگ سیاست میں مداخلت کرتے آئے ہیں، ہماری سیاست کو آپ کی مداخلتوں کی اتنی عادت پڑ گئی ہے آپ کی مداخلت نہ چلی ہماری سیاست بھی نہیں چلنی، ہمارے تو سارے ”کاروبار“ ٹھپ ہو جائیں گے، اپنی حکومت بنانے اور کسی کی حکومت گرانے کے لئے ذاتی طور پر ایڑی چوٹی و دیگر تمام اعضاء کا ہم زور لگا لیں ہم یہ کام نہیں کرسکتے، یہ کام صرف آپ کی مداخلت سے ہی ممکن ہو سکتا ہے، یہ آپ کی ”شان“ اور شناخت بھی ہے، ہم آپ کی اس ”شان“ میں کسی صورت میں گستاخی نہیں کر سکتے، چاہے اس سے ہماری اپنی ساکھ مکمل طور پر راکھ میں کیوں نہ مل جائے، آپ کی شان پر اپنی ساکھ قْربان کر کے ہمارا مقصد اصل میں مْلک و قوم کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے، ویسے بھی آپ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے پھر کریں گے کیا؟ سو ہم یہ چاہتے ہیں آپ مصروف رہیں تاکہ ہم دْنیا کو یہ بتا سکیں آپ ”ویلیاں“ نہیں کھاتے اور آپ کو جو ”ترقیاتی فنڈ“ وغیرہ ملتے ہیں آپ صحیح معنوں میں اْس کے حقدار ہیں۔۔ سر آپ کی خاموشی یہ بتا رہی ہے آپ سیاست میں واقعی مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔۔ چلیں سر آپ سیاست میں مداخلت بھلے نہ کریں کم از کم یہ تو بتا دیں ہم نے مْلکی معیشت کو سنبھالا کیسے دینا ہے؟ گو کہ ہمارے پاس اسحق ڈار کی صورت میں دْنیا کا سب سے بڑا معیشت دان موجود ہے مگر آپ کے مفید مشوروں اور فیصلوں کے بغیر معیشت کو سنبھالا دینے کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے، آپ اگر ہماری مدد نہیں کریں گے مْلک واقعی ڈیفالٹ ہو جائے گا اور ایسے حالات پیدا ہو جائیں گے ماضی میں قومی اسمبلی کی دس بارہ اور صوبائی اسمبلیوں کی بیس پچیس سیٹیں جو آپ کی مدد کے بغیر ہم نے جیتنی ہیں وہ بھی نہیں جیتیں گے، ہوسکتا ہے اْس کے بعد ”توشہ خان“ مزید مضبوط ہو کر آپ کو کمزور کرنے کی ایک اور کوشش کرے، لہٰذا آپ کی خدمت میں گزارش ہے مْلکی معیشت کو سنبھالا دینے کے لئے فوری طور پر ہمیں مفید مشورے دیں، البتہ سیاست میں مداخلت بے شک نہ کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔۔ سر ”توشہ خان“ بار بار الیکشن کی تاریخ مانگ رہا ہے آپ سیاست میں مداخلت بے شک نہ کریں مگر توشہ خان کا منہ بند کرنے کے لئے ہماری مدد کریں، یہ مدد کچھ اس طرح بھی کی جاسکتی ہے آپ کے پاس اْس کی جو وڈیوز اور مزید آڈیوز ہیں وہ ہمیں دے دیں، خصوصاً وہ وڈیو ضرور دے دیں جس سے اْس کی مقبولیت ختم ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہے گا۔۔ سر جب سے ”حاجی صاحب“ گئے ہیں آپ کی طرف سے بڑے بڑے اعلیٰ کماؤ عہدوں پر تعیناتیوں کی کوئی لسٹ بھی ابھی تک ہمیں نہیں ملی، آپ سیاست میں مداخلت بے شک نہ کریں کم از کم اتنا تو بتا دیں کمانڈ کی تبدیلی کے بعد کس کس اعلیٰ سول افسر کو کہاں کہاں ہم نے لگانا ہے؟ آپ کی طرف سے کوئی نام نہیں آیا تو سیکریٹری خارجہ بھی ڈرتے ڈرتے اپنا ہم نے لگا دیا ہے جو بہت سارا آپ کا بھی ہے، سیکریٹری خزانہ کسے لگانا ہے؟ سیکریٹری دفاع کسے لگانا ہے؟ سیکریٹری داخلہ کسے لگانا ہے؟ سیکریٹری ہاؤسنگ کسے لگانا ہے؟ سیکریٹری مواصلات کسے لگانا ہے؟ صوبوں میں آئی جی اور چیف سیکریٹری کن کن کو لگانا ہے؟ ابھی تک کوئی فہرست آپ کی طرف سے ہمیں نہیں ملی، آپ سیاست میں مداخلت بے شک نہ کریں کم از کم یہ فہرست تو بھیج دیں تاکہ ہمارا یہ ڈر اور سہم ختم ہو جائے کہ تقرریوں تبادلوں میں کہیں ہم آپ کا حق تو نہیں مار رہے؟ اس کی علاوہ صوبوں اور بڑے شہروں میں آپ کے جو ”نمائندے“ہیں تقرریوں تبادلوں کے لئے اپنے نام دینے میں وہ بھی تھوڑی سْستی اب دیکھا رہے ہیں اْنہیں بھی ہدایت کر دیں وہ حسب معمول اپنے ”فرائض“ جاری رکھیں تاکہ ہم اس خوف سے نجات حاصل کر لیں آپ ہم سے ناراض نہیں، آپ کی ناراضگی کا خوف صرف اْسی صورت میں ختم ہو سکتا ہے آپ اپنے ”فیصلوں“ کی صورت میں اپنے ”مشورے“ ہمیں دیتے رہیں، آپ جب بھی کوئی مشورہ دیں گے ہم اْسے آپ کا فیصلہ ہی سمجھیں گے تاکہ فاصلے پیدا نہ ہوں۔۔ کمانڈ کی تبدیلی کے بعد اْصولی طور پر وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں بھی ضروری تھیں، آپ سیاست میں مداخلت بے شک نہ کریں کم از کم یہ تو بتا دیں وفاقی کابینہ میں کوئی تبدیلی کرنی ہے یا نہیں؟ آپ کے ”کوٹے“ کے وزیر اتنے ہی رکھنے ہیں یا اْن میں کمی بیشی کرنی ہے؟ خواجے آصف کے بارے میں کیا حکم ہے؟۔۔ سر جب سے آپ نے چارج سنبھالا ہے آپ کی طرف سے واٹس ایپ پر میسجز آنے بھی اب کم ہوگئے ہیں، ہم دن میں ہر دس پندرہ سیکنڈ بعد واٹس ایپ چیک کرتے ہیں آپ کی طرف سے کوئی محبت بھرا میسج آیا یا نہیں؟ کوئی مفید مشورہ آیا یا نہیں کہ آج ہم نے سْوٹ کون سا پہننا ہے؟ بیان کون سا دینا ہے؟ کھانا کیا کھانا ہے؟ کہاں جانا ہے کہاں نہیں جانا؟ کس سے ملنا ہے کس سے نہیں ملنا؟، سر چلیں سیاست میں مداخلت آپ بے شک نہ کریں کم از کم ذاتی معاملات میں مشورے تو دیتے رہیں تاکہ ہم اس خوف سے بچے رہیں کہ کہیں آپ کسی ایسے کام میں مصروف تو نہیں ہوگئے جس سے ہمارے اقتدار کو کوئی خطرہ ہو سکتا ہے؟۔۔ سر آپ کے آنے کے بعد ہم اس خوف میں مبتلا ہیں کرپشن کے خاتمے کا آغاز کہیں آپ اپنی منجھی تھلے ڈانگ پھیر کر تو نہیں کر لیں گے؟ اگر ایسا ہوا مجبوراًہمیں بھی اپنی منجھی تھلے ڈانگ پھیرنا پڑے گی جو ہمارے لئے ایک ناممکن عمل اس لحاظ سے ہوگا کہ ہمیں اس کا کوئی تجربہ ہی نہیں ہے، مگر آپ نے اگر اوکہے سوکہے ہو کے یہ کام کر لیا مجبوراً ہمیں بھی کرنا پڑ جائے گا لہٰذا سر بڑی مہربانی سیاست میں مداخلت آپ بے شک نہ کریں پر اپنی منجھی تھلے ڈانگ بھی پلیز نہ پھیریں۔۔ سر سیاست میں مداخلت آپ بے شک نہ کریں مگر یہ مفید مشورے تو ہم اناڑیوں کو دیتے رہیں کون سا ٹھیکہ کس کو دینا ہے؟ سر اگر سارے ٹھیکے ہم نے اپنی مرضی سے دے دیئے ہمیں لگے گا ہم آپ کا حق مار رہے ہیں لہٰذا اس ضمن میں ہماری راہنمائی فرماتے رہا کریں۔۔ سر سابقہ حاجی صاحب کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے بیان نے ہماری رات کی نیندیں دن کا چین اْڑا کے رکھ دیا ہے، یوں محسوس ہوتا ہے ہمارے کچھ ارکان پارلیمنٹ ہمارے کنٹرول میں اب اْس طرح شاید نہیں رہیں گے جس طرح آپ کی مداخلت سے رہتے تھے، ممکن ہے اْس کے بعد اْن کے ریٹس بھی بڑھ جائیں، پہلے آپ کا رعب ہوتا تھا تو تھوڑی رقم سے بھی کام چل جاتا تھا اب اگر یہ رعب نہ رہا گیم چینج کے لئے وہ منہ مانگی رقمیں مانگیں گے۔۔ سو سر بڑی مؤدبانہ گزارش ہے سیاست میں مداخلت آپ بھلے نہ کریں ہمارے کچھ ارکان پارلیمنٹ پر اپنا کنٹرول ضرور برقرار رکھیں۔۔ سر ہم تو پہلے ہی آپ کے کام میں مداخلت کا تصور نہیں کرتے تھے اب آپ نے بھی ہمارے کاموں میں مداخلت بند کر دی یہ نظام کیسے چلے گا؟ یہ جمہوریت کیسے چلے گی؟۔۔ آخری گزارش آپ سے سر یہ کرنی تھی بہت دنوں سے سابقہ حاجی صاحب لاپتہ ہیں، پوری کوشش کے باوجود ہمارا اْن سے رابطہ نہیں ہو رہا، اصل میں ہم اْن سے یہ پوچھنا چاہ رہے تھے آپ نے صرف سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے یا عدالت میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے؟ ہماری یہ کنفیوژن دْور نہیں ہو رہی، سابقہ حاجی صاحب سے آپ کی کہیں ملاقات ہو ازرہ کرم آپ اْن سے یہ پوچھ کر ہمیں بتا دیں یا خود ہمیں بتا دیں۔۔ ویسے ہم نے زمان پارک میں تعینات اپنے عملے سے بھی کہا ہے کسی روز اگر سابقہ حاجی صاحب وہاں آپ کو دکھائی دیں آپ بھی اْن سے پوچھ کر بتا دیں۔

تبصرے بند ہیں.