اسلام آباد: وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف آئندہ مہینے پاکستان آ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف آئندہ ماہ پاکستان آ رہے ہیں اور عام انتخابات 2023ءمیں ہوں گے جس کیلئے پارٹی امیدواروں کو نواز شریف ہی ٹکٹ جاری کریں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مارچ تا جون 2023ءمیں اسمبلیوں کا ٹوٹنا نظر آ رہا ہے اور اگر مارچ میں اسمبلی ٹوٹی تو پھر رمضان اور بجٹ اس دوران آئے گا جبکہ اگست 2023ءمیں حکومتی مدت پوری ہو رہی ہے جس کے بعد ہی الیکشن ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءکا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے شاپنگ مال کو غلط وقت پر سیل کیا گیا، اس کو پہلے ہی سیل کرنا چاہئے تھا جبکہ انہوں نے اعظم سواتی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں رہا ہونا چاہئے لیکن اس کے ساتھ ہی انہیں خود پر کنٹرول کرنا چاہئے۔
تبصرے بند ہیں.