یاسمین راشد نے اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کر دی

89

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ان کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اعظم سواتی کے خاندان پر ظلم ہوا ہے جس کا از خود نوٹس لیا جائے اور اعظم سواتی کی گرفتاری پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ 
یاسمین راشد نے درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف بھی ایک پٹیشن دائر کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ نے خواتین کے ساتھ جو سلوک رکھا ہے، اس پر تمام خواتین احتجاج کریں گی، ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنماءڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں، چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
یاسمین راشد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو رہا ہے، معیشت تباہ ہو گئی ہے، عمران خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی بات کی تو ان کا برا حال ہو گیا۔

تبصرے بند ہیں.