انگلینڈ کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ میچ فیصلہ کن بنانے کی کوشش کریں گے: بابراعظم

15

راولپنڈی: پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف راولپنڈی میں شیڈول پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن بنانے کے کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی اچھی تیاری کی ہے، انگلینڈ کے خلاف محمد یوسف نے کافی رنز بنا رکھے ہیں اس لئے ان کے تجربے سے فائدہ حاصل کرتے رہتے ہیں۔
بابراعظم نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے شام تک حتمی الیون کا اعلان کردیں گے، ہم انگلینڈ کی مکمل قوت والی ٹیم کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں اس لئے امید کرتے ہیں کہ انگلینڈ کے کھلاڑی جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہمیشہ شائقین کرکٹ محظوظ ہوتے دکھائی دئیے ہیں، راولپنڈی ٹیسٹ کو فیصلہ کن بنانے کے کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کی نمائندگی اور کپتانی کرنا فخر کی بات ہے لہٰذا اللہ نے کپتانی دی ہے تو اللہ ہی لے سکتاہے۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک دن تاخیر سے شروع ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں جلد پیش رفت کا امکان ہے۔ 
انگلش سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی طبیعت خراب ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک روز تاخیر سے شروع کرنے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں شامل 14 افراد بدہضمی کا شکار ہیں جن میں کپتان بین سٹوکس بھی شامل ہیں جبکہ انگلش ٹیم کے پاس 11 فٹ کھلاڑی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے میچ میں ایک روز کی تاخیر ہو سکتی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.