سینیٹر اعظم سواتی کی مقدمات کیخلاف دائر درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

12

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے دوران حراست تشدد سے روکنے اور سندھ و بلوچستان میں درج مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے جہاں چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں کل درخواست پر سماعت کی جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق اعظم سواتی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ، آئی جی بلوچستان ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر بھیجے جانے کے بعد مقدمات کے اندارج کا معلوم ہوا، اسی نوعیت کے دوسرے کیس میں اعظم سواتی ضمانت پر رہا ہوئے، پہلے بھی دوران حراست بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ذرائع کا کہنا ہے اعظم سواتی کے پاس اطلاعات ہیں کہ دوران حراست قتل کیا جا سکتا ہے اور کسی بھی قسم کا غیر انسانی سلوک کیا جا سکتا ہے، جب عدالت میں پیش کیا گیا تو معلوم ہوا کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور سندھ کے مختلف تھانوں میں بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
درخواست میں آئی جی سندھ ، آئی جی بلوچستان اور ڈی جی ایف آئی اے سے اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے، بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانے اور درخواست گزار کو دوسری جگہ منتقلی سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.