اسمبلیوں کو تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے تمام آپشنز استعمال کیے جائیں گے: عطا تارڑ

14

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کو تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے تمام آپشنز استعمال کیے جائیں گے ۔ گورنر کے پاس آئینی اختیار ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہے ۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں حکمت عملی طے کر رہے ہیں ۔ جمہوریت کے استحکام کیلئے ہم نے اور دیگر جماعتوں نے اپنا کردار ادا کیا ۔ کوشش ہوگی حمزہ شہباز کی پنجاب حکومت بحال ہو ، عوامی مینڈیٹ کو متاثر نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونی چاہئے ، اتحادیوں اور آزاد امیدواروں سے حمزہ شہباز کل مشاورت کریں گے ۔

 

لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی خواہش پر تحلیل نہیں ہونے دیں گے، چودھری پرویز الہٰی کو عمران خان کے دباؤ پر کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرنے دیں گے ۔

 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان نے پنجاب اسمبلی کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے غیر قانونی اقدام پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔ پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی کرائی ، کسی کو عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

 

تبصرے بند ہیں.