آرمی چیف کی تقرری کا عمل شروع، میرا خیال ہے کہ 22یا 23 تک سمری آ جائے گی: وزیر داخلہ

14

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل آج شروع ہوگیا ایک دو روز میں مکمل ہوجائے گا، وزیراعظم ہاؤس نے سمری طلب کی ہے اور وزارت دفاع نے بھجوانی ہے جبکہ میرا خیال ہے کہ 22 یا 23 تاریخ تک سمری آجائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ نہیں سمجھتا سمری نہ آنے کی کوئی وجہ ہو گی، سمری آئے نہ آئے تعیناتی ہوجائے گی، سمری بھی آئے گی اور ایک نام اتفاق رائے سے فائنل بھی ہو گا، 18 تاریخ کی جو بات ہورہی تھی اس کی ایک وجہ تھی کہ 18 تاریخ کو ایک افسر کی ریٹائرمنٹ ہونا تھی، تعیناتی پر توجہ مرکوز ہونے کی کچھ وجوہات ہیں اور یہ روایت ہے تعیناتی کا نوٹیفکیشن ریٹائر منٹ سے 2،3 دن پہلے ہوتا ہے۔ 
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ رینگ رینگ کر ختم ہو گیا ہے اور اب وہ لانگ مارچ نہیں رہا جس کے باعث اب وہ اجتماع کرنا چاہتے ہیں، تعیناتی نہ بھی ہوئی تو عمران خان کا اجتماع اس سے کیا فائدہ اٹھا لے گا؟ عمران خان کی احمقانہ سوچ ہے کہ اس طرح سے اس معاملے پر پریشرائز کرسکے گا، امید ہے ادارہ نیوٹرل رہنے کے فیصلے پر قائم رہے گا، عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ملک میں افراتفری ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.