انتظار کی گھڑیاں ختم ، فٹبال ورلڈ کپ کا چند گھنٹے بعد آغاز 

27

 

دوحہ : کھیلوں کا سب سے بڑا مقابلہ فیفا فٹبال ورلڈکپ آج قطر میں شروع ہو رہا ہے۔  پہلے میچ میں میزبان قطر اور ایکواڈور مدمقابل ہوں گے۔

 

فیفا کے مطابق میگا ایونٹ کے 64 میچز قطر کے 5 شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں ہوں گے ۔ افتتاحی تقریب میں مقامی اور دنیا بھر سے آئے معروف فنکار شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

 

فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں قطر میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے اور یہ اب تک اس ایونٹ کے لیے 200 ارب ڈالر سے زائد کی خطیر رقم خرچ کر چکا ہے۔اس لحاظ سے یہ ورلڈ کپ دنیا کا مہنگا ترین ورلڈ کپ بن گیا ہے۔

 

فیفا ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ فرانس کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ فرانس کی ٹیم نے 2018 کے میگا ایونٹ کے فائنل میچ میں حریف کروشیا کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 4گول سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں برازیل کو سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

 

جرمنی اور اٹلی کی ٹیمیں چار،چار مرتبہ، ارجنٹائن،فرانس اور یوروگوئے کو دو، دومرتبہ جبکہ سپین اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ میگا ایونٹ میں شامل 32 ٹیموں میں میزبان قطر ، برازیل، بیلجیم،دفاعی چیمپئن فرانس، ارجنٹائن، انگلینڈ، سپین، پرتگال، میکسیکو، ہالینڈ ،ڈنمارک، جرمنی، یوراگوئے، سوئٹزرلینڈ، امریکا، کروشیا، سینیگال، ایران، جاپان، مراکش، سربیا، پولینڈ، جنوبی کوریا ،تیونس ، کیمرون، کینیڈا، ایکواڈور، سعودی عرب، گھانا، ویلز، کوسٹا ریکا اور آسٹریلیا شامل ہیں۔

 

32 ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں قطر (میزبان)، ایکواڈور،سینیگال اور ہالینڈ شامل ہیں۔گروپ بی میں انگلینڈ،ایران،امریکا اور ویلز کو رکھا گیا ہے،گروپ سی میں ارجنٹائن،سعودی عرب ،میکسیکو اور پولینڈ شامل ہیں،گروپ ڈی میں دفاعی چیمپئن فرانس، آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کو رکھا گیا ہے۔

 

گروپ ای میں سپین ،کوسٹا ریکا ،جرمنی اور جاپان شامل ہیں،گروپ ایف میں بیلجیم ،کینیڈا ،مراکش اور کروشیا شامل ہیں، گروپ جی میں برازیل،سربیا ،سوئٹزرلینڈاور کیمرون کو رکھا گیا ہے اسی طرح گروپ ایچ میں پرتگال ،گھانا ، یوروگوئے اور جنوبی کوریا کو شامل کیا گیا ہے۔

 

میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل راؤنڈ 3سے 6 دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا۔ اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.