کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام اور ترقی کے سفر کو سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایم 8 پر گھریلو ساختہ بارودی سرنگیں نصب کرنے کے علاوہ سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کلیئر کرنے کیلئے بلوچستان میں ہوشاب کے علاقے بلور میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی مسلسل نگرانی، جاسوسی اور انٹیلی جنس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی اور سیکیورٹی فورسز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اتارا گیا، سیکیورٹی فورسز پوزیشنز سنبھال رہی تھیں کہ 2 دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دونوں دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے دیسی ساختہ بارودی سرنگیں ،اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
تبصرے بند ہیں.