اسلام آباد: حکومتی اقدامات کے نتیجے میں چار ماہ کے دوران موبائل فون کی درآمد میں 65 فیصد اور کاروں کی درآمد میں 80 فیصد کمی آ گئی ہے جس سے ملک کے تجارتی خسارے میں بھی خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے درآمدی بل میں کمی کیلئے غیر ضروری اور لگژری درآمدی اشیاءکی حوصلہ شکنی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں رواں مالی سال کے دوران موبائل فون اور کاروں کی درآمد میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال 23-2022ءکے پہلے چار ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران موبائل فون کی درآمدات میں 65 فیصد جبکہ کاروں کی درآمدات میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس سے ملک کے تجارتی خسارے میں بھی خاطر خواہ کمی آئی۔
رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر یعنی 50 ارب 41 کروڑ روپے کے موبائل فون درآمد کئے گئے جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں 64 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کے فون درآمد ہوئے تھے اور یوں گزشتہ سال درآمدی موبائل فونز کا حجم 107 ارب روپے رہا۔
اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کاروں کی درآمد میں بھی 80 فیصد تک کمی آئی، جولائی تا اکتوبر 37 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز کی گاڑیاں درآمد کی گئیں اور کاروں کی درآمد پر 74 ارب روپے کے مساوی زرمبادلہ خرچ کیا گیا۔
گزشتہ مالی سال 4 ماہ میں 64 کروڑ 32 لاکھ ڈالرزکی کاریں درآمد کی گئیں اور گزشتہ سال جولائی تا اکتوبر 106 ارب روپے مالیت کی گاڑیاں درآمد ہوئی تھیں۔
تبصرے بند ہیں.