شمالی علاقہ جات میں برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

29

لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں برف باری کے باعث ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سیاحوں کی بڑی تعداد نے شمالی علاقہ جات کا رخ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ، کشمیر، گلگت بلتستان میں برف باری کے باعث ہر طرف سفیدی چھا گئی،مری، ناران ،کاغان، سوات، کالام، لوئر دیر، سکردو میں بھی برف باری ہوئی جس کے باعث ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا اور سکردو میں پارہ منفی 5 جبکہ استور میں منفی 4 ڈگری تک گر گیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق برف باری کے باعث سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں جنہیں بہترین تفریح میسر ہے مگر شمالی علاقہ جات کے رہائشیوں کیلئے پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں روئی کے گالوں نے سماں باندھ دیا ہے اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ 
سیاحتی مقامات ناران، بٹہ کنڈی، کاغان، شوگران میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، ناران میں ڈیڑھ فٹ، کاغان میں 2 انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے اور ہر طرف سفیدی چھا ئی ہے۔ 
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھاری مشینری کی مدد سے شاہراہوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے، چلاس، بابو سر ٹاپ، فیری میڈوزمیں بھی برف باری ہوئی ہے جبکہ سوات، کالام، لوئر دیر، چھتر پلین میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.