شاہد آفریدی کا قومی ٹیم کو فائنل میں بہادری کیساتھ کھیلنے کا مشورہ

10

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے قومی ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈکپ فائنل میں شکست کا خوف دل سے نکال کر میدان میں اترنے کا مشورہ دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے زبردست میچز دیکھ کر مزا آرہا ہے، اس بار کوالیفائی کرنا 92 کے ورلڈ کپ سے بھی زیادہ مشکل تھا اور اب خواہش ہے کہ قومی ٹیم اس ورلڈ کپ کو ٹرافی کے ساتھ یادگار بنائے۔
سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے، بس ہارنے کا خوف دل سے نکال کر کھیلیں تو یہ فائنل جیت سکتے ہیں، باؤلرز نے پورے ورلڈ کپ میں زبردست پرفارم کیا، بیٹنگ اور باؤلنگ میں پاکستان اور انگلینڈ ہم پلہ ہیں تاہم فیلڈنگ اہم فرق ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں پاکستان اپنی بہترین فیلڈنگ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوا، ہمیں باؤلرز کو کم از کم 160 رنز بناکر دینا ہوں گے تاکہ وہ ان کا دفاع کر سکیں، ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنی چاہئے یا بیٹنگ؟ اس کا فیصلہ تو وکٹ دیکھ کر ہی کیا جا سکتا ہے۔ 
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو بغیر کسی تبدیلی کے فائنل کیلئے میدان میں اترنا چاہئے، حارث کو اوپر کے نمبر پر کھلانا بہت اچھا فیصلہ ہے کیونکہ اس سے مخالف ٹیم کے باؤلرز دباؤ میں آ جاتے ہیں، پاکستان اگر ٹرافی جیت کر لاتا ہے تو اس سے بڑی خوشی پورے پاکستان کیلئے کوئی اور نہیں ہو سکتی۔ 

تبصرے بند ہیں.