اللہ کہتا ہے محنت کرو اور مجھ پر یقین رکھو، میں تمہارے لئے معاملات آسان کر دوں گا: محمد رضوان

70

سڈنی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد رضوان نے کہا ہے کہ ناک آؤٹ میچ میں پلیئر آف دی میچ بننا خوش قسمتی ہے، اللہ ہم سے کہتا ہے کہ محنت کرو اور مجھ پر یقین رکھو، میں تمہارے لئے معاملات آسان کر دوں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کیخلاف جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچز میں کنڈیشنز مختلف تھیں جس کے باعث مجھے اور بابر اعظم کو بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن ہم نے اپنی محنت جاری رکھی اور اللہ تعالیٰ بھی ہم سے یہی تقاضہ کرتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی پر مشکل وقت آتا ہے اور محنت کرنے سے ہی ایسی صورتحال سے نکل بھی جاتا ہے، آج ہم نے اننگز کے آغاز میں نئی گیند پر اٹیک کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اللہ نے ہماری مدد کی جس کے باعث یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔ 
انہوں نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے محنت جاری رکھی، ہمارا یقین ہے کہ اللہ ہمارا خالق ہے اور وہ ہم سے کہتا ہے کہ محنت کرو اور مجھ پر یقین رکھو، میں تمہارے لئے معاملات آسان کر دوں گا، اللہ کا شکر ہے کہ ہم فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ 
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ 
کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 16 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنائے جبکہ 153 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھی۔ 
بابراعظم 43 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ محمد حارث نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

تبصرے بند ہیں.