پی ٹی آئی لانگ مارچ کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل، جمعرات سے شروع ہو گا

76

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل کر دی ہے جو اب 10 نومبر بروز جمعرات شروع ہو گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا ہے جو اب جمعرات کو دوپہر دو بجے وزیر آباد سے شروع ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے 24 گھنٹے میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے، عمران خان کا ایف آئی آر سے متعلق موقف کلیئر ہے۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے بدھ کے روز سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ لے کر ہی واپس آئیں گے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ منگل کے بجائے بدھ سے شروع ہو گا جس کی قیادت اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کریں گے اور یہ لانگ مارچ ہر صورت اپنی منزل حاصل کرے گا۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف سے کبھی سمجھوتا نہیں ہو سکتا جبکہ پاک فوج ہماری ہے اور اس کے خلاف جانا ممکن نہیں، سرحدوں پرکھڑے فوجی ان کے بچوں کی طرح ہیں۔

تبصرے بند ہیں.