پاکستان کرکٹ ٹیم بہت خطرناک ہے: ٹم ساؤتھی

18

سڈنی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے پاکستان کو ایک خطرناک ٹیم قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹم ساؤتھی کا کہنا ہے کہ جب ٹیم ٹاپ فور میں پہنچ جاتی ہے تو آگے جانے کا چانس ہر ٹیم کے پاس ہوتا ہے، ہم حال ہی میں متعدد بار پاکستان کے خلاف کھیلے ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ وہ ایک خطرناک ٹیم ہے۔ 
ٹم ساؤتھی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم غالباً یہ سوچ رہی تھی کہ سیمی فائنل میں جانے کیلئے اس کے پاس زیادہ چانس نہیں ہے مگر انہوں نے بہت ہی شاندار کارکردگی دکھائی اور سیمی فائنل میں اب ہمارا ان کیساتھ مقابلہ ہے۔ 
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں ایک بڑا خطرہ ثابت ہو گی کیونکہ وہ ایک معیاری ٹیم ہے جسے شکست دینے کیلئے ہمیں ان سے اچھی کرکٹ کھیلنا پڑے گی۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیمی فائنل ایک دلچسپ مرحلہ ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم جس طرح کھیل رہے ہیں ویسے ہی سیمی فائنل میں بھی کارکردگی دکھائیں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل 9 نومبر کو ہو گا جبکہ 10 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ 

تبصرے بند ہیں.