وزیراعظم کی سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت 

12

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءسینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو کے معاملے پر تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اعظم سواتی سے متعلق ویڈیو کا پتا چلا ہے جس کے بعد وزیر داخلہ کو معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے، تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
قبل ازیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پارلیمانی لیڈرز پرمشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹراعظم سواتی میرے بڑے بھائی ہیں اور ان کے انکشاف سے دلی رنج اورتکلیف پہنچی۔ 
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سینیٹراعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے اور اس سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی ہے، سینیٹراعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت کے مالک ہیں جنہیں بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش فراہم کی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی میرے خاندان کے ممبر کی طرح ہیں اور بطورمسلمان وبلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں، سینیٹر اعظم سواتی ایوان کے باعزت ممبر ہیں اور ان کی تکالیف کا ادراک ہے، سینیٹر اعظم سواتی خود اوراہلیہ تہجد گزار ہیں،ان کی اہلیہ ماں کا درجہ رکھتی ہیں، سینیٹراعظم سواتی میرے بڑے بھائی ہیں،ان کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔ 
صادق سنجرانی نے کہا کہ اعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے ، پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوں گے اور یہ کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی جسے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.