ایڈیلیڈ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 5 رنز سے شکست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔
ویرات کوہلی نے گزشتہ میچز کی طرح اس بار بھی عمدہ بلے بازی کی اور 44 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ کپتان روہت شرما 2، کے ایل راہول 50، سوریا کمار یادیو 30، ہاردک پانڈیا 5، دنیش کارتک اور اشر پٹیل 7، 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کپتان شکیب الحسن 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا تاہم بارش نے بنگلہ دیش کی مشکلات بڑھادیں اور اسے 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف ملا اور یوں ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت بھارت نے بنگلہ دیش کو 5 رنز سے شکست دیدی۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں38 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ہاردک پانڈیا نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شامی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔
تبصرے بند ہیں.