پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنے کیلئے درخواست دیدی

10

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد سے ملاقات کرکے لانگ مارچ و دھرنے کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان اور بابر اعوان نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈی سی اسلام آباد سے ملاقات کی جس دوران لانگ مارچ کے این او سی کے حوالے سے باقاعدہ درخواست جمع کرائی گئی۔ 
پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ کو 4 نومبر کو جی نائن اور ایچ نائن کے درمیان لانگ مارچ اور دھرنے کی درخواست دیتے ہوئے این او سی جلد جاری کرنے کی درخواست بھی کی۔ 
ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماءبابر اعوان نے کہا کہ ٹریفک پلان اور روٹس کے حوالے سے ہماری ابتدائی باتیں مکمل ہو گئی ہیں، علی اعوان اور ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن آپس میں رابطے میں رہیں گے۔
علی نواز اعوان نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور ہم نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ ہم نے بہت انتظامات کرنے ہیں اس لئے ہمیں آج ہی این او سی جاری کریں۔
پی ٹی آئی رہنماءکا کہنا تھا کہ انتظامیہ وقت ضائع کر رہی ہے، آج شام تک انتظامیہ ہمیں این او سی جاری کرے، انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک پلان طے کرنے کا کہا جا رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.