وزیراعظم شہباز شریف کل چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے

10

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کل چینی ہم منصب لی کی چیانگ کی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے ۔

 

تفصیلات کے مطابق چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا ۔ دورہ چین میں وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا ۔

 

وزیر اعظم شہباز شریف کے چینی ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ۔ وزیر اعظم چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات بھی کریں گے ۔

 

اس سے قبل چائنہ گلوبل ٹیلی وژن نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ چین کا دورہ کرنے والے دنیا کے پہلے رہنماؤں میں سے ایک ہوں ۔ چین کے صدر ، وزیراعظم اور چینی قیادت سے بات چیت کا منتظر ہوں ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امداد پر چینی قیادت کا مشکور ہوں ۔ چین نے سیلاب متاثرین کیلئے اشیائے خورونوش ، ادویات ، مچھر دانیاں اور دیگر چیزیں فراہم کیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی ، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں چین کی تیز رفتار ترقی کو سراہتے ہیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ چین ، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اعلیٰ معیار کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو منصوبے نے پاکستان میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کر دیا ۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت سی پیک کے کردار کو وسعت دینے پر بھی بات کریں گے ۔ سی پیک کے تحت سڑکوں کے نیٹ ورک نے سفر کا وقت کم کر دیا ہے ۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.