عمران خان کا کھیل ختم، عوام نے انہیں مسترد کر دیا: عظمیٰ بخاری

9

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کا کھیل ختم ہوچکا ہے اور انہیں عوام نے مسترد کر دیا ہے، لانگ مارچ ناکام ہونے سے پی ٹی آئی قیادت آپس میں لڑ رہی ہے، عمران خان کو شرم نہیں آتی یہ کہتے ہوئے کہ وہ اپنے بل بوتے پر آیا تھا؟ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے 400 بندوں کے سامنے تقریر کی کوشش کی ہے، عمران خان لانگ مارچ میں شرکت کیلئے کبھی کارکنوں سے حلف لیتے ہیں کبھی اپیل کرتے ہیں، لاہورکے شہریوں نے فتنے کا لانگ مارچ مسترد کر دیا اور شاہدرہ کے عوام نے عمران خان کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پہلے بھی مسلم لیگ (ن) کا گڑھ تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا، عمران خان کے جھوٹے لانگ مارچ کی سچائی کیمرے کی آنکھ سب کو دکھا رہی ہے جبکہ لانگ مارچ ناکام ہونے سے پی ٹی آئی قیادت آپس میں لڑ رہی ہے، عمران خان کا وژن کٹے، مرغیاں تھا جبکہ شہباز شریف کا وژن ملک کا وقار بلند کرنا ہے، عمران خان بھارت کا ادھورا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں جبکہ کان کھول کر سننے کی باری عمران خان کی ہے۔ 
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کا کھیل ختم ہوچکا ہے اور انہیں عوام نے مسترد کردیا ہے، کیا کبھی ٹیپو سلطان نے میر جعفر اور میر صادق کو ملازمت میں توسیع دینے کی بات کی تھی، کیا کبھی ٹیپو سلطان رات کے اندھیرے میں کسی سے ملتا تھا؟عمران خان کو شرم نہیں آتی یہ کہتے ہوئے کہ وہ اپنے بل بوتے پر آیا تھا۔ 

تبصرے بند ہیں.