لانگ مارچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل، پہلے دن کا شیڈول جاری

226

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اعلان کے بعد لانگ مارچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں اور پہلے دن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 28 اکتوبر کو شروع ہونے والا لانگ مارچ صرف دن کے اوقات میں آگے بڑھے گا اور جہاں رات ہوگی وہیں عمران خان کی تقریر کے بعد قیام ہو گا جبکہ یہ لانگ مارچ جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام پارٹی قیادت کو رات کے ممکنہ پڑاؤ کے مقامات سے آگاہ کر دیا گیا ہے کیونکہ لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد پہنچنے تک کئی دن بھی لگ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ نے لانگ مارچ کے پہلے روز کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کا آغاز 28 اکتوبر بروز جمعہ کو لبرٹی چوک سے ہو گا جو کلمہ چوک سے براستہ فیروز پور روڈ جائے گا اور پہلے روز ہم شاہدرہ تک ہی جائیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان لانگ مارچ کے پہلے روز شرکا سے آزادی چوک پر خطاب کریں گے، لانگ مارچ کے دوسرے روز کا آغاز شاہدرہ چوک سے ہو گا۔ 
پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنے علاقوں میں اشتہاری مہم اور کیمپس لگانے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ جی ٹی روڈ کے اطراف کے شہروں کی قیادت کو خصوصی ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیں، ضلع اور تحصیل سطح پر قائم کمیٹیاں شرکاءکیلئے انتظامات کریں گی اور انہیں سفری سہولیات اور کھانا پینا بھی فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کے شرکاءکو کھانے پینے کی اشیاءساتھ لانے کی ہدات کی گئی ہے جبکہ دھرنے کے مقام پر عارضی دکانیں بھی لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ہر حلقے کا ایم این اے اور ایم پی اے کم سے کم ایک ہزار کارکن ساتھ لے کر جائے گا، اسلام آباد جانے والی شاہراہیں بند کرنے کیلئے پارٹی ذمہ داروں کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.