کراچی: کینیا میں قتل ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کی میت پوسٹ مارٹم کیلئے قائداعظم ہسپتال سے پمز ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ارشد شریف کا جسد خاکی پمز منتقل کرنے سے قبل مقتول کے اہل خانہ بھی قائداعظم ہسپتال پہنچے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی اہلیہ سمیت کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد شریف شہید کے پوسٹ مارٹم کیلئے پمز ہسپتال میں ڈاکٹر فرخ کمال کی سربراہی میں چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ارشد شریف کے قتل پر وزارت داخلہ نے 3 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی اور لیفٹیننٹ کرنل شامل ہیں۔
اس ضمن میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا جائے گی جہاں پاکستانی ہائی کمیشن تحقیقاتی کمیٹی کی معاونت کرے گا، کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کو 23 اکتوبر کو کینیا میں قتل کیا گیا اور واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔
فیملی ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی نماز جنازہ کل (جمعرات کو ) دن 2 بجے شاہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین ایچ الیون کے قبرستان میں ہو گی۔
تبصرے بند ہیں.