اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس پر فیصلہ سنانے سے قبل اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آج سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سنانے کا اعلان کر رکھا ہے جس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی طلب کرنے کے بعد کمیشن کے اطراف پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر آنسو گیس کے شیل پہنچادئیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے ایس ایس پی کی نگرانی میں سیکیورٹی تعینات کی جس میں ایک ایس ایس پی ، 5 ایس پیز ، 6 ڈی ایس پی سمیت ایک ہزار 150 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ایف سی اور رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے اور ریڈ زون میں بھی داخلہ محدود کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو الیکشن کمیشن تک پہنچنے نہیں دیا جائے گا۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے آج فیصلے سے قبل اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں اسلام آباد انتظامیہ سیکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دے گی جبکہ اجلاس میں توشہ خانہ ریفرنس فیصلے پر بھی حتمی مشاورت کی جائے گی
واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اگست میں اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجا تھا جس میں ان کی نااہلی کی درخواست کی گی تھی۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف اور ان تحائف کی فروخت سے حاصل کی گئی رقم کی تفصیل نہیں بتائی جبکہ الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ 19 ستمبر کو محفوظ کیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.