حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے فیکٹریاں بند ، لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے ، یہی ہماری شکست کی وجہ ہے : رانا ثناء اللہ کا اعتراف 

28

 

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اعتراف کیا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے فیصل آباد میں فیکٹریاں بند ہوگئیں اور لاکھوں مزدور بے روزگار ہوئے اسی وجہ سے ضمنی انتخابات میں ہمیں شکست ہوئی ۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مہنگائی ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے مسلم لیگ ن پنجاب میں شکست سے دور چار ہوئی ہے۔ ہم نے مشکل فیصلے لے کر سیاست کی بجائے ریاست کو بچایا ہے۔

 

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اب ہم نے مشکل فیصلے کرلیے ہیں اور ہم عوام کو ریلیف دیں گے ۔ مہنگائی ، پٹرول کی قیمتوں اور بجلی کے بلوں میں کمی ہوجائے تو عوام دوبارہ ہمارے ساتھ آجائے گی ۔عمران خان کا بیانیہ کچھ نہیں ہے مہنگائی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاورلومز کا شہر ہے اور پچھلے 2 مہینوں میں جو بجلی کے بل آئے ہیں اس کی وجہ سے فیکٹریاں بند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے مزدور بے روزگار پھر رہے ہیں۔ ان بجلی کے بلوں کا ردعمل آیا ہے ۔ 7 ، 8 ماہ پہلے اسی مہنگائی کی وجہ سے عمران خان تمام ضمنی انتخابات ہار رہا تھا اب ہم حکومت ہیں تو ظاہر ہے کہ ہمیں قیمت تو چکانا پڑ رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.