ملکی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار الیکشن پر ہے، ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں: وزیر اعظم

8

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار الیکشن پر ہے ۔ اسلیے ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں ۔

 

اپنی ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ عوام قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں کی پولنگ میں بھرپور حصہ لیں ، یہ آئینی و قانونی عمل ہے اور عوام کا حق ہے وہ کہ وہ اپنی مرضی کے نمائندے کو منتخب کریں ۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی آٹھ اور تین صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ۔ صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ۔

 

مردان ، چارسدہ ، پشاور ، فیصل آباد ، ننکانہ صاحب ، ملتان ، اور کراچی کے دو حلقوں ملیر اور کورنگی میں قومی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ جاری ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں شیخوپورہ ، خانیوال اور بہاولنگر میں بھی ضمنی الیکشن کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔

 

پولنگ کی خاص بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان قومی اسمبلی کے آٹھ میں سات حلقوں سے امیدوار ہیں ۔ فیصل آباد سے عابد شیر علی ، چارسدہ سے ایمل ولی خان اور پشاور سے غلام احمد بلور بھی عمران خان کے مدمقابل ہیں ۔ ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی کے درمیان مقابلہ ہے ۔ گیارہ حلقوں میں مجموعی طور پر ایک سو سے زائد امیدوار میدان میں ہیں ۔

 

2937 پولنگ اسٹیشن میں سے 747 انتہائی حساس اور 694 حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کیلئے پولیس ، رینجرز اور فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.