سہ ملکی سیریز، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا

13

کرائسٹ چرچ: سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ہیگلے کرکٹ گراؤنڈ اوول میں کھیلے گئے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹاپ آرڈر کے بعد مڈل آرڈر بھی لڑکھڑا گیا۔ محمد رضوان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو 14 رنز بنا کر شان مسعود بھی آؤٹ ہو گئے۔ 
شاداب خان بھی 8 رنز بنا کر چلتے بنے تو بابراعظم بھی کریز پر ٹک نہ سکے اور صرف 21 رنز بنائے۔ افتخار احمد نے 27 رنز جوڑے اور حیدر علی کی ناکامیوں کا سلسلہ بھی نہ رکا جو 8 رنز بنا سکے، آصف علی نے 20 گیندوں پر بغیر کوئی چھکا لگائے صرف 25 رنز بنا کر پاکستان کا مجموعہ 130 تک پہنچایا۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریس ویل سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 11 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساؤتھی اور مچل سینٹنر 2,2 وکٹیں حاصل کر سکے جبکہ ایش سودھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
نیوزی لینڈ کے اوپنر نے ہدف کے تعاقب میں انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کی اور 117 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر فن ایلن شاداب خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں سٹمپ ہو گئے۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 6 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 62 رنز بنائے جبکہ ڈیوون کونوے نے 46 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے بھی شامل ہیں۔ 
پاکستان کی جانب سے کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور صرف آل راؤنڈر شاداب خان ہی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

تبصرے بند ہیں.