نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

84

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق مہمان ٹیم دو ٹیسٹ، 8ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کیلئے دو مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا پہلا مرحلہ 27 دسمبر سے 15 جنوری تک جاری رہے گا جس دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلیں گی۔
دونوں ٹیسٹ میچز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہیں جبکہ اس مرحلے کے دوران کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی، دوسرا 4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ دورے میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

مہمان ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں 10 وائٹ بال میچز کھیلے گی،اس دوران دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔
دوسرے مرحلے میں چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوں گے جبکہ پانچواں ٹی 20اور ابتدائی دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں ہوں گے۔
دورہ نیوزی لینڈ کے دوسرے مرحلے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، چار اور سات مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.