ہم ملک کے ایک، ایک انچ کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہیں: آرمی چیف

16

کاکول: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم ملک کے ایک ، ایک انچ کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور ملک کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں ۔

 

پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ آپ کو فخر ہونا چاہئے آپ ایک عظیم اور بہادر فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی ، تب میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں بھی اس عظیم فوج کو کمانڈ کروں گا ۔

 

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آگے کا سفر آپ کیلئے بہت سے چیلنجز لے کر آئے گا ، آپ کو مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے لینے ہوں گے ۔ ملک کی حفاظت ، عزت اور بہتری کیلئے آپ کو کام کرنا ہے ۔ آپ کو ملک کی سالمیت کیلئے قربانیاں دینا ہوں گی ۔ اچھا فوجی ہونے کے ناطے آپ کو اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی ، کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ۔ ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پُرامن طریقے سے حل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ خطے کو دوطرفہ مسائل بات چیت سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دینا چاہئے ۔

 

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک افواج نے دو دہائیوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے ۔ ہم نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ ہم کسی کو بھی اپنے ملک کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ہمیں ایک دوسرے کے بجائے جہالت ، غربت اور موسمیاتی تبدیلی کیخلاف لڑنا ہے ۔

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.