ڈالر کی قیمت 200 روپے سے کم اور ملکی معیشت بہتر ہو گی: اسحاق ڈار

117

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت میں بہتری کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت 200 روپے سے کم ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاست کے نام پر انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، میرے خلاف ایسی کوئی فائلیں نہیں تھیں کہ کیس بنادیتے جبکہ پاناما پیپرز میں بھی میرا کوئی نام نہیں تھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف 10 منٹ کا کیس ہے، انٹرپول کہاں ہے ،جو کہتے تھے اس کے ذریعے لارہے ہیں، اللہ پاکستان کو ایسے فراڈ لوگوں سے بچائے۔ پاکستانی عوام کے ساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے، سیاسی جماعتیں وعدہ کریں کہ معیشت پر سیاست نہیں کی جائے گی۔ 
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روپے کی قدر بڑھ رہی ہے اور امریکی ڈالر تنزلی کی جانب گامزن ہے، اب پاکستان کی معیشت بھی بہتر ہو گی، ماضی میں دنیا نے پاکستان پر معاشی پابندیاں لگائی تھیں مگر ہم نے مشکل وقت میں معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا، ڈالر کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھائی گئی اس کی قیمت 200 روپے سے کم ہو گی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان بدترین عالمی مالی مشکلات کا شکار رہا ہے لیکن اب چارٹر آف اکانومی کرنا چاہیے، ہم پوری کوشش کریں گے کہ عوام کی خدمت کرسکیں، کروڑوں کمانے کیلئے ملک کو قرضوں میں ڈبویا نہیں جا سکتا، ملک کا مستقبل روشن ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی بدترین معاشی پالیسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، دن رات ایک کرکے معیشت بہتر کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کی کوششیں کر رہے ہیں، ایکسپورٹ انڈسٹری کیلئے مشکل وقت ہے۔

تبصرے بند ہیں.