سہ فریقی سیریز سے خود کو ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے تیار کرنا ہے: ثقلین مشتاق

9

کرائسٹ چرچ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ سہ فریقی سیریز ہمارے لئے کافی اہم ہے کیونکہ اس سیریز میں خود کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے تیار کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ ٹی 20کرکٹ میں کسی ٹیم کو چھوٹی ٹیم نہیں کہا جا سکتا کیونکہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں اکثر چھوٹی غلطی کا بہت بڑا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ 
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ رواں مہینے آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی سہ ملکی سیریز کے میچز کھیلیں گے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں جو چیزیں رہ گئی تھیں انہیں آزما لیں گے۔ 
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مختلف موسم میں کھیلنا کھیل کا حصہ ہے اور موسم کے حساب سے خود کو ڈھالنا پڑتا ہے، اس سیریز میں بھی ہمیں یہاں کے موسم کے حساب سے کھیل بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران کافی اچھی کرکٹ کھیلی ہے، ہم اس سیریز اور ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کیلئے پر اعتماد ہیں۔

تبصرے بند ہیں.