آرمی چیف کی امریکی وزیر دفاع اور قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقاتیں

7

واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ امریکہ کے دوران امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن، امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ملاقاتیں کی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق اس چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس موقع پر خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ انہوں نے امریکی حکام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے بہت اہم ہو گی۔ 
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ امریکی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے فلوریڈا میں طوفان سے تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متاثرین کے نقصان اور درد کو بخوبی سمجھتا ہے کیونکہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے اسی طرح کے اثرات سے دوچار ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف کی ملاقاتوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے باہمی تعاون بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ انسانی بحران کو ٹالنے اور خطے میں امن اور استحکام کو بہتر بنانے کیلئے افغانستان سمیت بڑے عالمی مسائل پر ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ 

تبصرے بند ہیں.