عوام کے لیے بری خبر، پٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ 

109

نیویارک: عالمی مارکیٹ میں 15 دن تک تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایک مرتبہ پھر اضافہ شروع ہوگیا ۔ 30 ستمبر کو ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی فی بیرل قیمت 79 ڈالر تک آنے کے بعد آج پھر قیمت بڑھ کر 86 ڈالر سے زائد ہوگئی ہے۔ برنٹ آئل کی قیمت بھی 85 ڈالر فی بیرل سے 91 ڈالر سے زائد ہوگئی ہے۔

 

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک پلس کے اجلاس سے ایک روز قبل عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اوپیک پلس کا اجلاس  کل آسٹریا کے شہر ویانا میں ہو رہا ہے جس میں تنظیم تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر تیل کی پیداوار کم کرنے پر غور کرے گی۔

 

کورونا کی عالمی وبا میں کمی آنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اوپیک پلس میں شامل ممالک کے وزراء پہلی مرتبہ اجلاس کے لیے ایک چھت تلے جمع ہو رہے ہیں۔ تنظیم کورونا کے بعد سے پہلی مرتبہ تیل کی مجموعی پیداوار میں کمی کرنے جا رہی ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ اوپیک کے ممکنہ فیصلہ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں دوبارہ سو ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائیں گی۔

 

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اوپیک کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ تیل کی مجموعی عالمی پیداوار میں دس لاکھ بیرل یومیہ کمی کرنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مختلف ملکوں کی طرف سے رضاکارانہ طور پر اپنی پیداوار میں کمی اس کے علاوہ ہو گی جس کی وجہ سے یہ کمی کووڈ کی وبا کے بعد تاریخی کمی بن جائے گی۔

 

پکرنگ انرجی پارٹنر نامی عالمی ادارے کے سربراہ ڈن پکرنگ نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  اوپیک وزراء دو سال بعد آسٹریا میں کچھ نہ کرنے کے لیے جمع نہیں ہو رہے لہذا پیداوار میں تاریخی کمی متوقع ہے۔

 

کویت کے تیل کے وزیر نے کہا کہ اوپیک پلس مناسب فیصلہ کرے گی تاکہ توانائی کی ترسیل بغیر کسی خلل کے جاری رہے اور اس کے ساتھ ہی تیل پیدا کرنے والوں اور تیل خریدنے والوں کے مفادات کو بھی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

تبصرے بند ہیں.