پنجاب حکومت ہٹانے کی باتیں صرف بڑھکیں ہیں: چوہدری پرویز الٰہی

94

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہٹانے کی باتیں (ن) لیگ کی بڑھکیں ہیں، انہیں صرف جھوٹے کیسے بنانے آتے ہیں اور ان سے کچھ نہیں ہونا۔ 
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ میں نے 20 سال پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیاست کی ہے، (ن) لیگ والوں کو صرف ایک ہی کام آتا ہے کہ جھوٹے کیس کیسے بنانے ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا کام پکڑا ہے کہ رانا ثناءکو عمر قید ہونی ہے جبکہ آصف زرداری کی طبیعت سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ زرداری کے پاس اپنے ڈاکٹرز اور ہسپتال ہیں۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، ان کا ساتھ دیا ہے، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے، ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے، ہمیشہ غریب کو ریلیف دینے کیلئے خلوص نیت سے کام کیا۔ 

تبصرے بند ہیں.