پیٹرول 7 اور ڈیزل 14 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان

23

لاہور: یکم اکتوبر سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ سے پیٹرول 7 روپے اور ڈیزل 14 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے جس کا باضابطہ اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے کیا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق موجودہ ٹیکسز کی بنیاد پر پیٹرول 7 روپے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 14روپے فی لیٹر تک کم ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی زیرو ہے تاہم پیٹرول پر لیوی 37 روپے 50 پیسے اور ڈیزل پر لیوی 7 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔ 
بعد ازاں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے اس ضمن میں وضاحت جاری کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے غلط معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ 
اوگرا ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 30 ستمبر کی رات کو کیا جائے گا، غلط معلومات سے مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.