وزیراعظم کی جانب سے طلب کیا گیا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس موخر

69

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیکس کے معاملے پر بدھ کو طلب کیا گیا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس موخر کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یہ اجلاس وفاقی کابینہ اور وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث موخر کیا گیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی آڈیو لیکس پر تحقیقات کر کے بریفنگ دے گی۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس سمیت اہم مقامات سے خفیہ ریکارڈنگ کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا تھا جس میں آئی ایس آئی اور آئی کے سربراہان نے بھی شریک ہونا تھا۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ شرکت کریں گے جبکہ آئی بی اور آئی ایس آئی کے سربراہان خفیہ ریکارڈنگز کے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کو بریف کریں گے۔ 
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بھی تشکیل دی ہے جس میں حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ 
وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک، ایک نمائندہ شامل ہو گا اور یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تحقیق کرے گی کہ آئی ٹی ڈیٹا کیسے ہیک کیا گیا یا پھر کسی نے چوری کر کے فروخت کیا۔
اہلکار کے مطابق جے آئی ٹی کو وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو شامل تفتیش کرنے کا اختیار بھی ہو گا جبکہ اس بات پر بھی تحقیقات کی جائیں گی کہ وزیراعظم ہاؤس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل سے ریکارڈنگ کی گئی۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ کہ جے آئی ٹی اپنی تحقیقات کے دوران اس بات کا جائزہ بھی لے گی کہ واقع کے وقت کون کون سا افسر وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھا۔ 

تبصرے بند ہیں.